سپریم کورٹ کے احکامات پر اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات کروا دی گئی

اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کی ان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان سے ٹیلی فون پر بات کرا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی اس گفتگو کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم ایک وفاقی وزیر اور جیل حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔

جیل انتظامیہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ رابطہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر کروایا گیا اور عمران خان نے اپنے بچوں سے 30 منٹ سے زائد وقت تک گفتگو کی۔

دوسری جانب عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کی ہدایت کے بعد یہ سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ طویل عرصے بعد آواز سن کر بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ قاسم اور سلیمان لندن میں مقیم ہیں جبکہ عمران خان اڈیالہ جیل میں زیرِ حراست ہیں۔