شہباز شریف کا طارق رحمان سے رابطہ، انتخابی کامیابی پر مبارکباد اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: شہباز شریف نے طارق رحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم نے بنگلادیش کے عوام کو کامیاب عام انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی، علاقائی امن اور ترقی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق رہنماؤں نے خالدہ ضیا کی پاک۔بنگلادیش تعلقات کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور رابطے میں رہنے کے ساتھ عوامی فلاح کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیرِاعظم نے طارق رحمان کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق 299 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی نے 212 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی جبکہ جماعت اسلامی 77 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔