ڈی آئی خان میں پولیس پارٹی پر دہشت گرد حملہ، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن تیز کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ پنیالہ کے گاؤں وانڈہ بڈھ میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ ٹیم سرچ آپریشن کیلئے پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک فائرنگ کردی۔

حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او فہیم ممتاز مروت، کانسٹیبل عرفان خان، کانسٹیبل غلام سبحانی اور کانسٹیبل وجاہت علی شہید ہوگئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا، حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حملے کی مذمت کی اور شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی اور دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود پولیس کے حوصلے ایسے بزدلانہ حملوں سے پست نہیں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پورے ملک کیلئے مشترکہ چیلنج ہے اور اس کے مکمل خاتمے کیلئے جامع اور نتیجہ خیز حکمت عملی ناگزیر ہے، صوبے میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔