وزیراعظم سے ملاقات میں کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی: وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان یا ان کی بہنوں سے ملاقات سے متعلق کسی قسم کی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی میں نے اس حوالے سے کوئی مطالبہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ملاقات مکمل طور پر صوبائی امور اور سیکیورٹی صورتحال پر مرکوز رہی۔.

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے 2600 ارب روپے رکے ہوئے ہیں، تاہم وزیراعظم نے فوری طور پر قبائلی اضلاع کے رکے ہوئے 26 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وادی تیراہ، کرم اور باجوڑ کے عوام جو قربانیاں دے رہے ہیں، ان کے مقابلے میں 4 ارب روپے کی رقم کچھ بھی نہیں، ان قربانیوں کو محض اعداد و شمار سے نہیں تولا جا سکتا۔

دہشتگردی سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگرد کا نہ کوئی صوبہ ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی ملک، اس معاملے پر عید کے بعد وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات ہوگی اور تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ این ایف سی اور دیگر مالی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی اور وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ملاقات میں کسی سیاسی معاملے پر گفتگو نہیں ہوئی بلکہ امن و امان، دہشتگردی اور صوبائی مسائل ہی زیرِ بحث رہے۔