بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دائیں آنکھ کے معائنے کی تصدیق، پمز اسپتال نے علاج کی تفصیلات جاری کر دیں
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دائیں آنکھ کے طبی معائنے کی تصدیق ہوگئی۔
پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر نے بتایا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی رگوں میں دباؤ کے باعث بینائی متاثر ہوئی، جس پر سینئر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے مکمل معائنہ کیا۔
ان کے مطابق تمام ضروری طبی ٹیسٹ کیے گئے، مرض اور ممکنہ علاج سے متعلق عمران خان کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور معائنے کے بعد انہیں ڈسچارج کر کے واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو آنکھ کے ماہرین کی تجویز پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پمز اسپتال لایا گیا، جہاں تقریباً 20 منٹ تک طبی معائنہ کیا گیا۔
بعد ازاں وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی تصدیق کی کہ عمران خان کی صحت تسلی بخش ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی انسانی حقوق نہیں دیے جا رہے اور انہیں خفیہ طور پر اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی آنکھ کی سرجری کی گئی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما اور سینیئر قانون دان بابر اعوان نے بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کو کسی معمولی نہیں بلکہ بڑے طبی مسئلے کے باعث اسپتال لایا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اہل خانہ کو بروقت آگاہ نہیں کیا گیا اور پمز اسپتال میں ریٹینا اسپیشلسٹ کی عدم موجودگی پر سوالات اٹھائے۔

