پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ، پروڈیوسر اور میزبان حریم فاروق نے اپنے مستقبل کے لائف پارٹنر سے متعلق کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بے حد رومانوی اور فلمی سوچ رکھتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ کوئی ’’شہزادہ‘‘ آئے جو انہیں بگھی پر بٹھا کر لے جائے۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں حریم فاروق نے بتایا کہ وہ روایتی محبت کے تصور پر یقین رکھتی ہیں اور فلمی رومانس انہیں بے حد متاثر کرتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے اور ٹائٹینک جیسی فلموں کی مداح ہیں اور فلم ٹائٹینک تو انہوں نے کئی بار دیکھی ہے۔
ان کے مطابق، محبت کی اصل پہچان یہ ہے کہ کوئی شخص آپ کے لیے دوسروں سے لڑنے اور خود کو بہتر بنانے پر آمادہ ہو، کیونکہ یہی سچی محبت کی علامت ہوتی ہے۔
حریم فاروق نے کہا کہ وہ کسی کو بدلنے پر یقین نہیں رکھتیں بلکہ ان کے نزدیک اگر کوئی شخص محبت میں خود کو بدلتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ واقعی سامنے والے کی قدر کرتا ہے اور اسے تکلیف نہیں دینا چاہتا۔
دل ٹوٹنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے اعتراف کیا کہ دل ٹوٹنے کے بعد ایسا لگتا ہے جیسے دنیا ختم ہو گئی ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہوا اور وہ تقریباً ایک ماہ تک اسی کیفیت میں رہیں، مگر بعد میں سوچ بدلی اور خود کو سمجھایا کہ زندگی ابھی بہت باقی ہے اور دل ٹوٹ جانا دنیا کا اختتام نہیں ہوتا۔

