چین کا سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ پر اعتراض، حقائق مسخ کرنے کا الزام

بیجنگ: چین نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی نئی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کے ٹیزر کے اجرا کے بعد فلم پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر 27 دسمبر کو جاری کیے گئے ٹیزر میں اداکار کو بھارتی فوجی افسر کے کردار میں دکھایا گیا ہے، جبکہ فلم کی کہانی 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والی سرحدی جھڑپوں کے گرد گھومتی ہے۔

واضح رہے کہ ان واقعات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا اور لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب فوجی سرگرمیاں تیز کی گئی تھیں۔

چین کے سرکاری میڈیا ادارے گلوبل ٹائمز نے فلم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی فلمیں حقائق کو مسخ کرتی ہیں اور مبالغہ آرائی کے ذریعے بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کرتی ہیں، تاہم چینی ماہرین کے مطابق فلم یا ڈراما چاہے کتنا ہی مبالغہ آمیز کیوں نہ ہو، اس سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔

خیال رہے کہ ’بیٹل آف گلوان‘ 17 اپریل 2026 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔