یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے معزز مہمان کے طیارے کو فضائی سلامی دی۔

نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے یو اے ای کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، صدر یو اے ای کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

دورے کے دوران، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم اور یو اے ای صدر کے درمیان مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے اور معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دے گا۔

دورے کے تناظر میں اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس بھی بند رہیں۔

ایک روزہ دورہ مکمل ہونے پر صدر یو اے ای پاکستان سے روانہ ہوگئے۔