برائیڈل کاؤچر ویک میں پاکستانی اداکارہ نعیمہ بٹ کی بطور سیلیبریٹی شو اسٹاپر شرکت نے شائقین کی توجہ حاصل کی، تاہم فیشن شو کے بعد ان کی ریمپ واک سوشل میڈیا پر تنقید اور بحث کی زد میں آگئی۔
نعیمہ بٹ، جو شوبز انڈسٹری میں کم مگر نمایاں اور غیر روایتی کرداروں کے باعث اپنی الگ شناخت رکھتی ہیں، اس بار اپنے اندازِ واک کی وجہ سے موضوعِ گفتگو بن گئیں۔
حالیہ فیشن شو کی ویڈیوز سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں، جہاں بعض افراد نے ان کے انداز کو سخت اور غیر روایتی قرار دیا جبکہ کچھ نے طنزیہ تبصرے بھی کیے۔
ایک طبقے نے سوال اٹھایا کہ آیا انہیں زبردستی ریمپ پر بھیجا گیا، جبکہ بعض نے واک کو ماڈلز کے روایتی انداز سے مختلف قرار دیا۔
دوسری جانب، کئی صارفین نعیمہ بٹ کے حق میں بھی سامنے آئے اور کہا کہ سیلیبریٹی شو اسٹاپرز کا انداز ماڈلز جیسا ہونا ضروری نہیں، بلکہ انفرادیت ہی ان کی پہچان ہوتی ہے۔
یوں نعیمہ بٹ کی ریمپ واک نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ فیشن اور اسٹائل ذاتی پسند کا معاملہ ہے اور سوشل میڈیا پر کسی بھی عوامی شخصیت کا ہر قدم بحث کا سبب بن سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب اداکارہ جلد ہی شان شاہد کی فلم ’’بُلّھا‘‘ میں نظر آنے والی ہیں جس سے ان کے مداحوں کی توقعات مزید بڑھ چکی ہیں۔

