میرعلی اور سوراب میں فورسز کی کارروائیاں، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

میرعلی: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی اور اس کے گردونواح میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان میں ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے ضلع سوراب میں مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں فتنۃ الہندوستان کا ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہو گیا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے میرعلی اور سوراب میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائیاں قابلِ فخر ہیں اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔