K2 ایئرویز طیارہ حادثہ: پاک بحریہ نے سمندر میں 3200 میٹر گہرائی سے بلیک باکس ڈھونڈ نکالا

کراچی: بحیرۂ عرب میں پیش آنے والے K2 ایئرویز کے کارگو طیارے کے حادثے کی تحقیقات میں اہم اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاک بحریہ نے دو ماہ سے جاری انتہائی دشوار اور پیچیدہ زیرِ آب سرچ آپریشن کے بعد سمندر کی 3200 میٹر کی گہرائی میں طیارے کے بلیک باکس کے مقام کی کامیاب نشاندہی کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک بحریہ کے جہازوں نے نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹفک کمیشن (نیس کوم) کے تیار کردہ خصوصی آلات اور جدید سونار ٹیکنالوجی کی مدد سے سمندر کی تہہ میں موجود طیارے کے ملبے اور بلیک باکس کا سراغ لگایا۔

اس پیش رفت سے متعلق تمام اہم معلومات بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن (باسی) کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ سمندر میں اتنی گہرائی پر بلیک باکس کی نشاندہی پاک بحریہ کی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا اور اہم آپریشن ہے۔

واضح رہے کہ K2 ایئرویز کا بوئنگ 737-400 کارگو طیارہ 7 جولائی 2026ء کو شارجہ سے کراچی آتے ہوئے اورماڑہ سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس میں 5 افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا۔

بلیک باکس کی بازیابی سے طیارے کے نیوی گیشن سسٹم، کاک پٹ کی ریکارڈنگز اور پرواز کے آخری لمحات کا ڈیٹا حاصل کرنے میں مدد ملے گی، جس کے بعد حادثے کی حتمی وجوہات سامنے آ سکیں گی۔