پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خوارج مارے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع بنوں میں عمل میں لائی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کے علاوہ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
علاقے میں دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
قومی ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

