کرسٹیانو رونالڈو کی ہالی ووڈ میں انٹری، فاسٹ اینڈ فیوریس کی آخری فلم کا حصہ بن گئے

دنیا کے عظیم فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو ہالی ووڈ کی مقبول ترین ایکشن فرنچائز فاسٹ اینڈ فیوریس کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، رونالڈو کو فلم فاسٹ ایکس: پارٹ 2 میں کاسٹ کر لیا گیا ہے، جو اس عالمی شہرت یافتہ سیریز کی آخری فلم ہوگی اور اپریل 2027 میں ریلیز متوقع ہے۔ اس فلم کے ساتھ فرنچائز کی مرکزی کہانی اپنے اختتام کو پہنچے گی۔

چالیس سالہ رونالڈو کی شمولیت کو کھیل اور فلمی دنیا کے ایک منفرد امتزاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ وہ پہلی مرتبہ کسی بڑی ہالی ووڈ بلاک بسٹر فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

فلم کے مرکزی کردار ون ڈیزل نے تصدیق کی ہے کہ رونالڈو کے لیے خصوصی کردار تحریر کیا گیا ہے اور یہ فیصلہ محض تشہیری حکمتِ عملی نہیں۔

اداکار ٹائریس گبسن سمیت دیگر کاسٹ ممبرز نے بھی رونالڈو کی آمد کو فرنچائز کے لیے نئی بلندیوں کا سبب قرار دیا ہے۔

سات ارب ڈالر سے زائد کمائی کرنے والی اس سیریز کے فائنل میں رونالڈو کے ساتھ ون ڈیزل، ڈوین جانسن، جیسن اسٹیتھم اور مشیل روڈریگز جیسے بڑے ستارے ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس سے فلم کی مقبولیت اور عالمی توجہ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔