9 مئی جی او آر گیٹ حملہ کیس: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد سمیت 8 رہنماؤں کو 10، 10 سال قید

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے کلب چوک جی او آر گیٹ حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 8 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

یہ فیصلہ اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔

عدالت کے مطابق، کیس کے دوران پراسیکیوشن نے 56 گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے جبکہ 21 ملزمان کے حتمی بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ مجموعی طور پر 25 ملزمان نامزد تھے، جن میں سے 13 کو بری کر دیا گیا۔

دورانِ سماعت چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا، جنہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

استغاثہ کے مطابق، تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے میں الزام تھا کہ 9 مئی کو کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کے دوران سیکیورٹی کیمرے توڑے گئے، پولیس کی وائرلیس سیٹ اور شیشے توڑ کر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔

عدالت نے شواہد اور ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو الزامات سے بری کیا جبکہ دیگر ملزمان کو سزائیں سنائیں۔