سہیل آفریدی سمیت دیگر کے خلاف اشتہاری کارروائی، نوٹسز آویزاں

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت کے احکامات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

عدالتی ہدایات کے تحت جوڈیشل کمپلیکس سمیت مختلف مقامات پر طلبی کے نوٹسز آویزاں کر دیے گئے ہیں، جن میں ملزمان کو فوری طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹسز کے مطابق، سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہے یا روپوش ہیں، جس کے باعث انسداد دہشت گردی عدالت نے سیکشن 87 کے تحت کارروائی کو آگے بڑھایا ہے۔

نوٹسز میں واضح کیا گیا ہے کہ ملزمان کو عدالت میں پیشی کے لیے آخری موقع دیا جا رہا ہے اور اگر مقررہ وقت میں پیشی نہ ہوئی تو انہیں باقاعدہ طور پر اشتہاری قرار دے کر قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عدالتی حکام کے مطابق، نوٹسز کی عدم تعمیل کی صورت میں قانونی عمل تیز کر دیا جائے گا۔