بنیانِ مرصوص میں بھارت کو ناقابلِ فراموش سبق ملا، عالمی سطح پر پاکستان کی عزت بڑھی: وزیراعظم شہباز شریف
ہری پور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بنیانِ مرصوص میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا گیا ہے جسے مودی کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
ہری پور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کی رحمت اور قوم کی دعاؤں سے پاکستان کو فتح نصیب ہوئی اور اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس شکست کو چاہتے ہوئے بھی نہیں بھول سکے گا، جبکہ شہداء کا مذاق اڑانے والوں کے لیے دنیا میں کوئی جگہ نہیں اور اللہ کے حضور بھی ان سے حساب ہوگا۔
وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صوبے کے عوام نے جانوں کے نذرانے دے کر امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 6 اور 10 مئی کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، اور یہ فتح قوم کی دعاؤں اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ تھی۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی جادو ٹونے سے نہیں بلکہ اتحاد، محنت اور بھائی چارے سے ممکن ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرے۔
انہوں نے تعلیم کے شعبے میں اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا بھر میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، زرعی شعبے میں اعلیٰ تربیت کے مواقع میرٹ پر فراہم ہوں گے اور نوجوان نسل کو قومی ترقی کی کنجی قرار دیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ماضی میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب وہ بچوں کو چینی زبان سیکھنے کے لیے بیرونِ ملک بھیج چکے ہیں اور یہ عمل تمام صوبوں تک وسعت دی جا رہی ہے۔
تقریب میں وزیراعظم نے ہری پور کے لیے دانش اسکول کے قیام کا اعلان کیا، جس میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ کیمپس ہوں گے، 28 کلومیٹر طویل پل کی تعمیر، خواتین کی ترقی، معیاری تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پلاٹس میرٹ پر دیے جائیں گے، اس مقصد کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی جو قانون و انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔
وزیراعظم نے ن لیگ کے امیدوار کی انتخابی کامیابی پر مبارک باد دی، آئی جی خیبر پختونخوا کی کارکردگی کو سراہا اور چاروں صوبوں کے مشترکہ تعاون کو پاکستان کی عظمت کی بنیاد قرار دیا۔

