ماضی میں اداکاری اور گلوکاری سے وابستہ رہنے والی رابی پیرزادہ، جو اب سوشل میڈیا انفلوئنسر، مصورہ اور خطاط کے طور پر پہچانی جاتی ہیں، اپنی زندگی کے ایک نئے اور مثبت مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے حال ہی میں نہایت سادگی اور رازداری کے ساتھ نکاح کرلیا، جس کی جھلکیاں انہوں نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔
نکاح کی تقریب قریبی اہلِ خانہ تک محدود رہی، تاہم ان تصاویر میں روحانی سکون، خاندانی محبت اور وقار نمایاں نظر آیا۔
اگرچہ ان کے شریکِ حیات منظرِ عام پر نہیں آئے، مگر رابی نے اپنے والدین، بھائی اور ماموں کے ساتھ یادگار لمحات مداحوں کے ساتھ بانٹے۔
تقریب کے دوران رابی پیرزادہ نے کریم اور سرخ رنگ کے سادہ مگر خوبصورت ملبوسات زیب تن کیے، جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے دعاؤں پر شکریہ ادا کیا اور دین کو دنیا پر ترجیح دینے کا پیغام بھی دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں نئی زندگی کے آغاز پر بھرپور دعائیں اور نیک تمنائیں دی جا رہی ہیں، جب کہ یہ مرحلہ ان کی روحانی تبدیلی کے بعد زندگی کے ایک نئے سفر کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

