ڈی آئی خان: کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 7 خوارج ہلاک، نائیک یاسر خان شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بہادر جوان نائیک یاسر خان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 15 دسمبر کو کی گئی اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سات دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق، علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے نائیک یاسر خان شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم وطن کے دفاع میں دی جانے والی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔