طالبان کے پاس صرف دو راستے: خوارج یا پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت کو واضح طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ ان کے پاس خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کے انتخاب کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعد ازاں، تینوں افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام تاریخی نوعیت کی بنیادی تبدیلی ہے جو بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں انتہائی اہم قدم ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بڑھتے ہوئے خطرات کے مقابلے کے لیے ملٹی ڈومین آپریشنز کو متحد نظام کے تحت مزید بہتر بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر سروس اپنی انفرادیت اور آپریشنل تیاری برقرار رکھے گی جبکہ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز تینوں افواج کے آپریشنز کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بالاکمانڈ کی یکجہتی برقرار رکھتے ہوئے تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچہ قائم رکھیں گی۔

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خبردار کیا کہ بھارت کسی خود فریبی کا شکار نہ رہے، پاکستان کا اگلا جواب پہلے سے زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طاقت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم میں ہے، اور پاکستان کا تصور ہمیشہ سے ناقابلِ تسخیر رہا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور عزم کو آزمانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں ہے، مگر ملکی دفاع اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہ پہلے کیا گیا اور نہ ہی آئندہ کیا جائے گا۔