راولپنڈی کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں شاندار گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز کے اعزاز میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اعزازی دستے کا معائنہ بھی کیا۔
تقریب میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کو قومی عسکری قیادت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔
اس موقع پر معرکۂ حق کا بھی تذکرہ کیا گیا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو واضح اور ذلت آمیز شکست دی تھی۔ معرکۂ حق میں دشمن کے فضائی دفاعی نظام کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ بھارتی فضائیہ کے 7 جدید جنگی طیارے بھی مار گرائے گئے، جو عسکری مہارت اور عملی حکمتِ عملی کا نمایاں ثبوت قرار دیا جاتا ہے۔
جی ایچ کیو میں ہونے والی پروقار تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی کو جنرل سلامی پیش کی گئی اور تینوں افواج کے دستوں نے عسکری روایت کے مطابق مکمل اعزاز کے ساتھ پریڈ پیش کی۔

