پنجاب میں دہشتگردی کی بڑی سازش ناکام، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 12 دہشتگرد گرفتار، حساس مقامات کی ویڈیوز و تصاویر برآمد

پنجاب کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ملک کو ممکنہ بڑی تباہی سے بچا لیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق، گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈی بم، نقدی اور جدید کمیونیکیشن ڈیوائسز برآمد ہوئیں۔

حکام کے مطابق، دہشتگردوں کے موبائل فونز اور ڈیجیٹل ڈیوائسز سے حساس مقامات، حساس اداروں، ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصاویر، ویڈیوز اور لوکیشن ڈیٹا بھی ملا ہے، جو کسی بڑے منصوبہ بند حملے کی نشاندہی کرتا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار نیٹ ورک مذہبی منافرت پھیلانے، خوف و ہراس پیدا کرنے اور پنجاب کے بڑے شہروں میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

لاہور سے سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز، فیصل آباد سے دانش جبکہ بہاولپور سے "فتنہ الہندوستان” نامی سیل کے رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف کو حراست میں لیا گیا۔

حکام کے مطابق، عادل نامی فیس بک آئی ڈی جو بھارت میں ’را‘ کے زیرِ اثر چلائی جا رہی تھی، کی مدد سے یہ نیٹ ورک مقامی کارندوں کو ہدایات اور فنڈنگ فراہم کرتا تھا۔ سکھ دیپ سنگھ کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ پیدائشی کرسچن تھا جس نے کچھ عرصہ قبل مذہب تبدیل کیا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق، گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ان کے بیرونی روابط اور ممکنہ سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے بھی شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔