فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی سمری باضابطہ طور پر منظور کر لی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ارسال کی گئی سمری پر منظوری کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر اب چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔ یہ تقرری پانچ سال کے لیے ہے۔

صدر مملکت نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق 19 مارچ 2026 سے ہوگا۔ صدر نے ائیر چیف کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری منظور کرکے ایوان صدر بھجوائی تھی، ساتھ ہی ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔