آئی سی سی رینکنگ: صائم ایوب دوبارہ ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تمام فارمیٹس کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب ایک بار پھر ٹی20 کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔

نئی ٹی20 آل راؤنڈرز رینکنگ میں پاکستان کے محمد نواز بھی 7ویں سے ترقی پا کر چوتھی پوزیشن پر آ گئے ہیں، جب کہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی20 بولرز رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتھی پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ پاکستان کے ابرار احمد چار درجے ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے، جب کہ محمد نواز دو درجے بہتری سے گیارہویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے ابیشیک شرما پہلے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دو درجے تنزلی کے ساتھ چھٹے نمبر پر، صائم ایوب بھی دو درجے بہتری سے پینتیسویں پوزیشن پر جبکہ بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسویں پوزیشن پر آگئے۔

ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، جب کہ پاکستان کے بابراعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔

ون ڈے بولرز میں افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جب کہ پاکستان کے ابرار احمد، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بالترتیب نویں، اکیسویں اور تئیسویں نمبر پر برقرار ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے نعمان علی تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ ٹیسٹ بیٹرز میں سعود شکیل ایک درجہ ترقی سے گیارہویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔