آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے 13 سال بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو خیرباد کہہ دیا۔ میکسویل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئندہ ایڈیشن کی نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ انہیں عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور بڑی فرنچائزز کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا۔
میکسویل نے لکھا کہ کئی یادگار سیزنز کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ میں پیچھے ہٹ کر نیا راستہ اختیار کروں۔ آئی پی ایل کے دوران ملنے والی محبت، سپورٹ اور ناقابلِ فراموش یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر نے اپنے مداحوں، فرنچائزز اور بھارتی شائقین کرکٹ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آئندہ آئی پی ایل منی آکشن کے لیے 1355 کھلاڑی رجسٹرڈ ہو چکے ہیں تاہم گلین میکسویل نے خود کو رجسٹر نہیں کرایا۔ اس سے قبل پنجاب کنگز نے بھی انہیں برقرار نہیں رکھا تھا جبکہ رائل چیلنجرز بنگلورو کے ساتھ ان کی کارکردگی ایک خراب سیزن کے بعد دباؤ کا شکار رہی۔
واضح رہے کہ گلین میکسویل سے قبل جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی اور انگلینڈ کے معین علی بھی آئی پی ایل چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں، دونوں کھلاڑی آئندہ سیزن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کریں گے۔
ماہرین کے مطابق، مسلسل اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستبرداری آئی پی ایل کے لیے ایک بڑا جھٹکا تصور کی جا رہی ہے۔

