بھارت-طالبان رابطوں نے پاکستان-افغانستان کشیدگی میں اضافہ اور خطے کو نئی فوجی محاذ آرائی کی طرف دھکیل دیا ہے: واشنگٹن پوسٹ

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی تازہ رپورٹ کے مطابق، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی ایک نئی فوجی محاذ آرائی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور طالبان کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی و سیاسی روابط نے اسلام آباد اور کابل کے تعلقات کو مزید تناؤ کی طرف دھکیل دیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، امریکا کی بیرونی ترجیحات یوکرین جنگ، افریقا اور ایشیا کی حالیہ پیش رفتوں نے خطے کی صورتِ حال کو نمایاں کیا ہے، جن میں بھارت-طالبان رابطہ کاری کو ایک اہم عنصر قرار دیا گیا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ تیزی سے بڑھتے روابط پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید شدت پیدا کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں مشرقی افغانستان میں ہونے والے حالیہ فضائی حملے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں 9 بچوں سمیت متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سوگوار خاندان اپنے پیاروں کی قبروں پر مٹی ڈالتے دکھائی دیے، جس سے صورتحال کی سنگینی مزید بڑھ گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خطے میں بدلتی ہوئی سیاسی و عسکری صورتحال نہ صرف دونوں ممالک کی سرحدی سلامتی کو پیچیدہ بنا رہی ہے بلکہ بڑی علاقائی طاقتوں کے درمیان اثر و رسوخ کی نئی جنگ بھی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔