پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، معین علی بھی شامل

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی ہے۔ جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کے بعد انگلینڈ کے تجربہ کار آل راؤنڈر معین علی نے بھی آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

معین علی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ نئی شروعات کا وقت ہے، میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نئے دور میں شامل ہونے پر بے حد پُرجوش ہوں۔‘‘

اُنہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اپنے اعلیٰ معیار اور ورلڈ کلاس ٹیلنٹ کی وجہ سے ٹی20 کرکٹ میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ پاکستان میں کھیلنے کے تجربات ہمیشہ شاندار رہے ہیں، یہاں کی کرکٹ کا معیار اور شائقین کا جذبہ انتہائی قابلِ دید ہے، جو کھلاڑیوں کو اپنی بہترین کارکردگی دکھانے پر مجبور کرتا ہے۔

معین علی کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل میں نئے اور خاص تجربے کے لیے تیار ہیں اور بہترین یادیں ساتھ لے جانے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل فاف ڈوپلیسی نے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

یوں مسلسل دوسرے بڑے انٹرنیشنل کرکٹر نے آئی پی ایل کے بجائے پاکستان سپر لیگ کا رخ کر کے فرنچائز لیگ کرکٹ کی دنیا میں نئی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔