فاف ڈو پلیسی نے آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل جوائن کرلی

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے 14 سال بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت نہ کرنے اور اس کے بجائے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نئے سیزن میں کھیلنے کا اعلان کر دیا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فاف ڈو پلیسی نے کہا کہ انہوں نے اس سال آئی پی ایل نیلامی میں اپنا نام نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے انہیں بے شمار یادیں، تجربات اور عزت دی ہے، اور یہ الوداع نہیں بلکہ وہ مستقبل میں دوبارہ ضرور لوٹیں گے۔

فاف ڈو پلیسی نے بتایا کہ وہ اس سال ایک نیا چیلنج لینے جا رہے ہیں اور آئندہ سیزن میں پاکستان سپر لیگ میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا یہ میرے لیے ایک نیا، پرجوش اور بڑا قدم ہے، پی ایس ایل بے پناہ صلاحیت اور توانائی سے بھرپور لیگ ہے اور پاکستان کی مہمان نوازی کے لیے بھی پرجوش ہوں، جلد ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ 41 سالہ فاف ڈو پلیسی نے اپنا آخری آئی پی ایل سیزن دہلی کیپیٹلز کی جانب سے کھیلا تھا جہاں انہیں 2 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا گیا تھا۔

یاد رہے وہ اس سے قبل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بھی پی ایس ایل کھیل چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، فاف ڈو پلیسی نے پی ایس ایل سیزن 11 کے لیے اپنی دستیابی کی سرکاری تصدیق بھی کر دی ہے۔