ٹیکساس میں بم بنانے کا دعویٰ کرنے والا افغان شہری گرفتار

امریکی ریاست ٹیکساس میں بم بنانے کا دعویٰ کرنے والے افغان نژاد شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق، یہ کارروائی ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے منگل کے روز کی۔

امریکی ٹی وی فوکس نیوز کے مطابق، گرفتار شخص کی شناخت محمد داؤد الوک زئی کے نام سے ہوئی ہے جو پروگرام آپریشن الائیز ویلکم کے تحت امریکا لایا گیا تھا۔

ریکارڈ کے مطابق، اسے 7 ستمبر 2022 کو امریکا میں مستقل رہائش (گرین کارڈ) بھی جاری کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق، الوک زئی نے ٹک ٹاک ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ بم تیار کر رہا ہے اور فورٹ ورتھ شہر کو نشانہ بنائے گا۔ ویڈیو وائرل ہونے پر سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔

امریکی حکام کے مطابق، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی امریکی تفتیش کاروں نے وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کو گرفتار کیا تھا، جو 2021 میں امریکا پہنچا تھا۔