راولپنڈی میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 114 رنز بنائے، جہاں کامل مشرا 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ باقی بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے ناکام دکھائی دیے۔
کوشل مینڈس نے 14 اور نسانکا نے 11 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پراعتماد آغاز کیا اور 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر میچ اپنے نام کرلیا۔
بابر اعظم 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ صائم ایوب نے 36 اور صاحبزادہ فرحان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا 14 اور فخر زمان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے پون رتنائیکے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں شاندار کارکردگی پر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ انہوں نے فائنل میں 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں جبکہ پوری سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں نے سری لنکا میں طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سری لنکن ہائی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

