آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ پرتھ ٹیسٹ سے قبل گولف کھیلتے ہوئے کمر کی تکلیف کا شکار ہونے کے تنازع سے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ ایک اور مشکل ان کے سامنے کھڑی ہوگئی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، عثمان خواجہ کو اس بار اپنی فاؤنڈیشن کے ظہرانے کے دوران پرتھ ٹیسٹ کی پچ سے متعلق کیے گئے نامناسب تبصرے نے مشکل میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اس پچ کے بارے میں سخت جملے کہے، حالانکہ آئی سی سی نے اسی وکٹ کو ’’ویری گڈ‘‘ قرار دیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کا مؤقف ہے کہ کسی پچ کے معیار پر عوامی سطح پر ایسے تبصرے کرنا عثمان خواجہ کے اختیار میں نہیں آتا، اس لیے اس حوالے سے ان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ برسبین ٹیسٹ سے قبل باضابطہ جواب بھی مانگ سکتا ہے، اور اگر بات آگے بڑھی تو ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی بھی ممکن ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ عثمان خواجہ کو ایشیز سیریز کے برسبین ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں شامل ہونے کے لیے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ پرتھ ٹیسٹ سے قبل گولف کھیلنے کے باعث ہونے والی کمر کی تکلیف پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، کیونکہ وہ دونوں اننگز میں اوپننگ کرنے سے قاصر رہے تھے۔
اس تمام صورتحال کے باوجود، 4 دسمبر سے شروع ہونے والے برسبین ٹیسٹ کی ٹیم میں عثمان خواجہ کو برقرار رکھا گیا ہے۔

