میلبرن: آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز کے دوسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں پہلے ٹیسٹ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق، کپتان پیٹ کمنز نچلی کمر کی انجری سے مکمل بحالی نہ ہونے کے باعث ایک بار پھر اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے، تاہم وہ ٹیم کے ساتھ برسبین میں موجود رہیں گے اور اپنی فٹنس پر کام جاری رکھیں گے۔ پیٹ کمنز کو مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے مزید دو ہفتے کا وقت دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں واپسی کا امکان روشن ہے۔
فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ بھی ہیمسٹرنگ انجری کے سبب دوسری مرتبہ اسکواڈ میں شامل نہیں ہو سکے۔ اس کے باوجود آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ اپنی کمر کی تکلیف کے باوجود اسکواڈ میں برقرار رکھے گئے ہیں، تاہم انہیں ٹیسٹ سے قبل اپنی فٹنس ثابت کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ ایشیز سیریز کا دوسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ 4 دسمبر سے شروع ہوگا جبکہ پہلے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کا 14 رکنی اسکواڈ:
اسٹیو اسمتھ (کپتان)، اسکاٹ بولینڈ، الیکس کیری، برینڈن ڈوگیٹ، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، مچل اسٹارک، جیک ویڈرلینڈ، بیو ویب اسٹر۔

