بھارت بحث سے بھی ڈر گیا! آکسفورڈ میں پاکستان کی شاندار کامیابی

لندن: آکسفورڈ یونین کے تصدیق شدہ مباحثے سے بھارتی وفد عین وقت پر دستبردار ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو بلامقابلہ فتح حاصل ہوئی۔ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے مطابق، مباحثہ بھارت کی پاکستان پالیسی اور عوامی جذبات کو بھڑکانے کی حکمتِ عملی کے موضوع پر ہونا تھا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ جنرل (ر) زبیر محمود حیات، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل مباحثے کے لیے لندن میں موجود تھے، تاہم بھارتی وفد بحث میں شرکت کی ہمت نہ کرسکا۔ بھارتی مقررین کی پسپائی نے آکسفورڈ جیسے غیر جانبدار فورم پر بھارتی بیانیے کی کمزوری واضح کردی۔

ہائی کمیشن کے مطابق، بھارتی رہنما صرف میڈیا پر بلند بانگ دعوے کرتے ہیں، جبکہ علمی مکالمے میں دلیل دینے سے گریزاں رہتے ہیں۔ یہاں تک کہ آکسفورڈ میں بھارتی طلبہ کی اکثریت کے باوجود بھارتی وفد نے ووٹنگ کے مرحلے کا سامنا کرنے سے بھی انکار کر دیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بھارت کی نام نہاد سیکیورٹی پالیسی مباحثے میں ممکنہ سخت سوالات کا وزن نہ اٹھا سکی، جس کے باعث بھارتی مقررین نے پہلے سے طے شدہ مباحثہ سبوتاژ کرکے واپسی کو ہی حکمتِ عملی بنایا۔ پاکستان نے دلیل، قانونی مؤقف اور مضبوط مکالمے کی تیاری کی ہوئی تھی، لیکن بھارت بحث شروع ہونے سے قبل ہی ہتھیار ڈال چکا تھا۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ میڈیا پر پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے والے بھارتی تجزیہ کار کھلی بحث کا موقع ملنے پر یکسر غائب ہو گئے۔ بھارتی وفد کی عدم شمولیت ان کی سفارتی حکمتِ عملی میں جاری پسپائی کی ایک اور کڑی ہے، جو ان کے اپنے عوام کے لیے بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔