نیتن یاہو کا دورۂ بھارت سیکیورٹی وجوہات کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنا مجوزہ دورۂ بھارت ایک بار پھر منسوخ کردیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق، نئی دہلی میں حال ہی میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد بھارتی سیکیورٹی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ موجودہ صورتحال میں اعلیٰ سطح کے غیرملکی دورے غیر محفوظ ہوسکتے ہیں، جس کے بعد نیتن یاہو نے دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے رواں سال کے اختتام پر بھارت کا دورہ کرنا تھا جس کے دوران ان کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں شیڈول تھیں۔

اس سے قبل، ستمبر میں بھی نیتن یاہو نے ایک روزہ بھارتی دورہ اسی نوعیت کے خدشات کے باعث منسوخ کردیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا آخری دورۂ بھارت 2018 میں ہوا تھا، جس کے بعد یہ نیا دورہ پاک-بھارت اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی علاقائی صورتحال کے تناظر میں اہم سمجھا جارہا تھا۔

تاہم حالیہ دھماکے کے بعد بھارتی دارالحکومت کی سیکیورٹی صورتِ حال، اسرائیلی وفد کے لیے تشویش کا باعث بنی جس کے نتیجے میں یہ دورہ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔