بھارتی میڈیا کا نیا پروپیگنڈا: تیجس حادثہ امریکا پر ڈال کر اپنی دفاعی ناکامی چھپانے کی کوشش

بھارتی گودی میڈیا نے ایک بار پھر ملکی دفاعی ناکامی کو چھپانے کے لیے تیجس لڑاکا طیارے کے حالیہ حادثے کا ملبہ امریکا پر ڈالنے کی مہم شروع کر دی ہے۔ معروف اینکر ارنب گوسوامی اور سابق جنرل (ر) بخشی نے اپنے بیانات میں دعویٰ کیا کہ حادثے کی اصل وجہ طیارے میں نصب امریکی GE-404 انجن ہے، جس کی مبینہ تاخیر سے ترسیل نے بھارت کی دفاعی تیاریوں میں "خطرناک خلا” پیدا کیا۔

ارنب گوسوامی کے مطابق، امریکا نے شعوری طور پر اگلی نسل کے انجنوں کی ترسیل سست رکھی، کیونکہ واشنگٹن ایل سی اے پروگرام اور تیجس کو اپنے مفادات کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل الیکٹرک بھارت کا "دوست کبھی نہیں رہا” اور انجن کی مسلسل تاخیر بھارت کے لیے مسائل کا باعث بنی۔

دوسری جانب، جنرل (ر) بخشی نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے امریکا کو ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کے باوجود اب تک صرف دو انجن حاصل کیے ہیں، جو کہ طے شدہ مدت سے دو سال تاخیر کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق، انجن میں تکنیکی خامیاں حادثے کی ممکنہ وجہ بن سکتی ہیں۔

تاہم بھارتی تجزیہ کاروں کے ایک بڑے حلقے نے اس بیانیے کو گودی میڈیا کا پروپیگنڈا قرار دیا ہے، جو عوام کو اصل مسئلوں سے دور رکھنے اور بھارتی دفاعی صنعت کی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اختیار کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز میں کمی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حادثہ بھارت کے اپنے اندرونی تکنیکی مسائل کی عکاسی کرتا ہے، نہ کہ کسی بیرونی ہاتھ کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے بعد بھارت میں اس کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔