اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کرتے ہوئے اسے 23 دسمبر 2025 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھارتی مسافر اور فوجی طیاروں کے لیے فضائی پابندی سے متعلق تازہ توٹم جاری کردیا ہے، جس کے تحت بھارتی جہاز پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 کو بڑھتی کشیدگی اور علاقائی صورتحال کے باعث بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی تھی، جس کے بعد بھارتی فضائی کمپنیوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، فضائی پابندی کے باعث ایئر انڈیا کو 4 ہزار کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہوچکا ہے، جبکہ دیگر بھارتی ایئرلائنز بھی طویل روٹس کی وجہ سے شدید اخراجات کا سامنا کررہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، ایئر انڈیا نے حکومت سے بھاری سبسڈی مانگ لی ہے اور نقصانات سے بچنے کے لیے چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی پابندی کی وجہ سے بھارتی فضائی آپریشنز نہ صرف مہنگے ہوگئے ہیں بلکہ افغانستان اور وسطی ایشیا کے فضائی راستوں سے تجارت بھی مشکلات کا شکار ہے۔
بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے بھارت کو شدید معاشی دھچکا پہنچایا ہے، جب کہ طویل راستوں کے باعث مسافروں کو بھی تاخیر اور اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ پابندی علاقائی صورتحال اور قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق برقرار رکھی جائے گی۔

