کلاؤڈ فلیئر کے سسٹم میں تکنیکی خرابی، ایکس اور چیٹ جی پی ٹی سمیت ہزاروں ویب سائٹس متاثر

اگر آپ کے کمپیوٹر یا موبائل پر ایکس (X)، چیٹ جی پی ٹی یا دیگر اہم ویب سائٹس اوپن نہیں ہو رہیں تو یہ مسئلہ صرف آپ تک محدود نہیں۔ دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین ان پلیٹ فارمز تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس عالمی مسئلے کی بنیادی وجہ کلاؤڈ فلیئر کے سسٹم میں آنے والی بڑی تکنیکی خرابی ہے، جس کے باعث متعدد ویب سائٹس یا تو مکمل طور پر لوڈ نہیں ہو رہیں یا ان پر کانٹینٹ اور تازہ ڈیٹا غائب ہے۔

کلاؤڈ فلیئر ایک معروف انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنی ہے جو دنیا بھر کی لاکھوں ویب سائٹس کو کانٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک (CDN) سروس فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کا سسٹم ویب ٹریفک کو تیزی سے پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ نامعلوم خرابی کے باعث اب اس کے نیٹ ورک میں شدید خلل پیدا ہوا ہے۔

کمپنی نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ وہ مسئلے سے واقف ہے اور خرابی کی اصل وجہ جاننے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق، اس خرابی نے ایکس (X) ٹریفک سمیت ہزاروں ویب سائٹس کو متاثر کیا ہے جہاں صارفین اکثر "Internal Server Error” کا سامنا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی عالمی انٹرنیٹ تعطل کی تصدیق کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق، پی ٹی اے ایکس اور کلاؤڈ فلیئر کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور اس حوالے سے مقامی و بین الاقوامی سروس فراہم کنندگان سے رابطے میں ہے۔ سروسز کے مکمل بحال ہونے تک مانیٹرنگ جاری رہے گی۔

فی الحال یہ واضح نہیں کہ کلاؤڈ فلیئر کی تکنیکی خرابی کو درست کرنے میں مزید کتنا وقت درکار ہوگا۔