عالمی ایوی ایشن کا بڑا ایونٹ دبئی ائیر شو 2025: جے ایف 17 تھنڈر طیارے توجہ کا مرکز

دبئی ائیر شو 2025 المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رنگا رنگ اور طاقتور فضائی کرتبوں کے ساتھ شروع ہوگیا، جہاں دنیا بھر کی فضائی اور دفاعی صنعت سے وابستہ نمائندہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں بے شمار جنگی اور تجارتی طیاروں نے اپنی مہارت کا دلکش مظاہرہ کیا۔

شو کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے طیارے ڈسپلے ایریا میں ساتھ ساتھ کھڑے رہے، جس نے شائقین اور ایوی ایشن ماہرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ فضا میں مسلسل گونجتے رنگین کرتب، اونچی پروازیں اور فارمیٹ فلائنگ کے حسین نظاروں نے شرکا کو بے حد متاثر کیا۔

پاکستان کا جے ایف-17 تھنڈر اس بار بھی ایونٹ کا مرکزی ستارہ ثابت ہوا۔ ماہِ مئی میں پاکستانی فضائیہ کی نمایاں کامیابیوں کا عکس ایئر شو میں بھی نمایاں نظر آیا، جہاں ملکی و غیر ملکی مہمان سبز ہلالی پرچم سے مزین پاکستانی طیاروں کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے۔

شرکا نے پاکستانی پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت، درستگی اور رفتار کے مظاہروں کو بے حد سراہا۔ پاکستان اور امارات کے طیاروں کی مشترکہ فلائنگ نے فضاء کو جیسے مسحور کر دیا اور حاضرین نے کھڑے ہو کر پائلٹس کو داد دی۔

پانچ روزہ دبئی ائیر شو میں نئے دفاعی معاہدوں، جدید ٹیکنالوجی کی نمائش اور روزانہ کے فلائنگ ڈسپلے عالمی توجہ کا مرکز رہیں گے۔