روس اور ایران کی پاکستان-افغانستان ثالثی کی پیشکش

اسلام آباد: ایران کے بعد روس نے بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے پریس بریفنگ میں کہا کہ خطے میں استحکام روس اور عالمی برادری کی ترجیح ہے۔

ماریا زخارووا نے پاکستان اور افغانستان کو اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ تنازعات کا پائیدار حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے اور دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختلافات بات چیت سے حل کرنے، کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز کرنے اور بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ایران نے بھی پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ثالثی و مصالحت کی پیشکش کی تھی۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ ایران مصالحت کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے فون کال کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور افغانستان میں امن و مصالحت قائم کرنے کے لیے ایران کی مکمل تیاری کا اعادہ کیا۔