جوہانسبرگ: دنیا کی بڑی طاقتوں کے اہم رہنماؤں نے جنوبی افریقہ میں ہونے والے جی20 سربراہ اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی ہے، جس کے بعد اس عالمی فورم کو شدید سفارتی دباؤ کا سامنا ہے۔
بین الاقوامی رپورٹوں کے مطابق، چین کے صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 22 نومبر کو جوہانسبرگ میں شیڈول اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔ ان کی عدم شرکت نے اجلاس کی عالمی اہمیت کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اس سے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی عندیہ دے چکے تھے کہ وہ اجلاس میں ممکنہ طور پر شرکت نہیں کریں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں “جنوبی افریقہ سے بہت سے مسائل” ہیں، لہٰذا شرکت کا امکان کم ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی جی20 اجلاس میں آنے سے انکار کر دیا ہے۔ چونکہ جنوبی افریقہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) کا رکن ہے، جہاں پیوٹن کے خلاف یوکرینی بچوں کے اغوا کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری ہیں، اس لیے ان کا سفر سفارتی اور قانونی طور پر ممکن نہیں ہوسکا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق تین بڑی طاقتوں کے سربراہان کی عدم شرکت اس سال کے جی20 اجلاس کی مؤثریت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

