طویل ترین شٹ ڈاؤن ختم، لاکھوں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بحال

واشنگٹن: امریکی تاریخ کے سب سے طویل سرکاری شٹ ڈاؤن کا اختتام ہوگیا ہے۔ سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے حکومتی اخراجات سے متعلق بل منظور کر لیا، جس کے بعد وفاقی حکومت کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں گی۔

ایوان نمائندگان میں 222 ارکان نے بل کی حمایت کی، جبکہ 209 ارکان نے مخالفت کی۔ بل اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کے لیے بھیجا جا چکا ہے۔

عارضی فنڈنگ بل کی منظوری سے یکم اکتوبر سے جاری شٹ ڈاؤن ختم ہوگیا، جس کے دوران لاکھوں سرکاری ملازمین تنخواہوں سے محروم رہے اور متعدد وفاقی اداروں کی سرگرمیاں مفلوج ہو گئی تھیں۔

اس بل کے تحت حکومت کو 30 جنوری تک فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ مالی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔ بل کا مقصد:

  • غذائی امدادی اسکیموں کی بحالی

  • سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی

  • ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کی مکمل بحالی

ماہرین کے مطابق یہ اقدام امریکی قانون سازوں کی جانب سے طویل مالی بحران کے خاتمے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور وفاقی اداروں کی روزمرہ سرگرمیوں کو معمول پر لائے گا۔