وزیراعظم شہباز شریف جدہ پہنچ گئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اعلیٰ سطح کا وفد ہمراہ

جدہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اپنے اہم سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔

جدہ ایئرپورٹ پر نائب گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم کا پُرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترجمان غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم نے قصرِ سلام میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے تفصیلی ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس اہم ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص اسلام آباد میں جاری ایران امریکہ مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی ثالثی کوششوں اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ سعودی قیادت نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مدبرانہ کردار کو سراہا۔

ذرائع کے مطابق یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران میں اہم سفارتی مشن پر موجود ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت خطے کو بڑے بحران سے نکالنے کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ متحرک ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ معاشی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی اہم امور زیرِ بحث آئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ 15 سے 18 اپریل تک جاری رہنے والے سہ ملکی دورے کا حصہ ہے، جس کے اگلے مرحلے میں وہ قطر روانہ ہوں گے۔ قطر کی قیادت سے ملاقاتوں کے بعد وزیراعظم 17 اپریل کو ترکیہ پہنچیں گے جہاں وہ پانچویں ‘انطالیہ ڈپلومیسی فورم’ میں شرکت کریں گے۔

ترکیہ میں قیام کے دوران وزیراعظم کی صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں عالمی امن اور علاقائی سلامتی پر مشاورت کی جائے گی۔

سفارتی حلقوں کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی ‘پرو ایکٹو’ خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، جس کا مقصد برادر اسلامی ممالک کو اعتماد میں لے کر خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے۔