امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے رواں سال کا سستا ترین اسمارٹ فون آئی فون 17 ای متعارف کرا دیا ہے۔ یہ ماڈل گزشتہ آئی فون 16 ای سے ملتا جلتا ڈیزائن رکھتا ہے تاہم اس میں جدید اے 19 پراسیسر شامل کیا گیا ہے جو بہتر رفتار اور اے آئی پراسیسنگ فراہم کرتا ہے۔
آئی فون 17 ای میں 6.1 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر ڈائنامک آئی لینڈ کی بجائے روایتی نوچ ڈیزائن برقرار رکھا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق نئے پراسیسر کے باعث کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
فون میں ایپل کا تیار کردہ سی 1 ایکس موڈیم شامل ہے جس سے انٹرنیٹ اسپیڈ بہتر ہوگی۔ ڈیوائس کے تحفظ کے لیے سیرامک شیلڈ 2 استعمال کی گئی ہے جو گرنے کی صورت میں اسکرین کو زیادہ مضبوطی فراہم کرتی ہے۔
کیمرہ سیٹ اپ میں بیک پر سنگل 48 میگا پکسل کیمرا موجود ہے جو 4K ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ فرنٹ پر 12 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جو فیس آئی ڈی سپورٹ کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق پورٹریٹ فوٹوگرافی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
آئی فون 17 ای میں میگ سیف سپورٹ بھی شامل کی گئی ہے تاکہ تیز وائرلیس چارجنگ ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ وائی فائی 6، بلیو ٹوتھ 5.3، واٹر اینڈ ڈسٹ ریزیزٹنس، سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی اور ای سم سپورٹ جیسے فیچرز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ فون آئی او ایس 26 آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ دستیاب ہوگا اور 256 جی بی اسٹوریج ماڈل 599 ڈالرز جبکہ 512 جی بی ورژن 799 ڈالرز میں فروخت کیا جائے گا۔ یہ ڈیوائس بلیک، وائٹ اور سافٹ پنک رنگوں میں دستیاب ہوگی اور 11 مارچ سے عالمی سطح پر فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔

