واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ اب 13 سال سے کم عمر بچے والدین یا سرپرست کی نگرانی میں انسٹنٹ میسجنگ ایپ استعمال کر سکیں گے۔ کمپنی نے اس فیچر کو “پیرنٹ-مینجڈ اکاؤنٹ” کا نام دیا ہے، جس کا مقصد بچوں کے لیے محفوظ آن لائن ماحول فراہم کرنا اور والدین کو مکمل کنٹرول دینا ہے۔
اس نئے فیچر کے تحت بچوں کے اکاؤنٹس صرف میسجنگ اور کالنگ کے لیے محدود ہوں گے، جبکہ میٹا اے آئی، چینلز اور اسٹیٹس جیسے فیچرز تک رسائی نہیں ہوگی۔ والدین فیصلہ کر سکیں گے کہ کون بچے سے رابطہ کر سکتا ہے، وہ کون سے گروپس جوائن کر سکتے ہیں، اور پرائیویسی سیٹنگز کیسے ہوں گی۔
واٹس ایپ کے مطابق بچوں کے اکاؤنٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ ہوں گے اور والدین کے اکاؤنٹس سے QR کوڈ کے ذریعے لنک کیے جائیں گے تاکہ والدین نگرانی کر سکیں۔ جب بچے کی عمر 13 سال سے زائد ہو جائے گی تو والدین نوٹیفکیشن کے ذریعے اسٹینڈرڈ اکاؤنٹ میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ فیچر والدین کی فیڈبیک کے بعد تیار کیا گیا ہے، جنہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کے لیے ایپ استعمال محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گی۔

