پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ بحری مشق سی گارڈین 4 میں شرکت کے لیے چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کا جنگی جہاز ڈاچنگ کراچی پہنچ گیا، جہاں پاک بحریہ نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق چینی جہاز کو پاک بحریہ کے جہازوں کی ہمراہی میں بندرگاہ تک لایا گیا، جبکہ یہ مشترکہ مشق 25 مارچ سے شروع ہو کر 2 اپریل 2026 تک جاری رہے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس مشق کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانا اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔
مشق کے دوران بندرگاہ اور کھلے سمندر میں مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جن میں گنری فائرنگ، مشترکہ گشت، میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز، ماہرین کے درمیان تبادلہ خیال اور افسران کے سیمینار شامل ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کے ذریعے دونوں افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور مشترکہ آپریشنل صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ خطے میں محفوظ اور مستحکم بحری ماحول قائم کیا جا سکے۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ مشق پاک چین دفاعی تعلقات کی مضبوطی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔
سی گارڈین مشقوں کے تسلسل سے نہ صرف دونوں بحری افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں بہتری آئے گی بلکہ باہمی ہم آہنگی اور تربیتی معیار کو بھی فروغ ملے گا، جو خطے میں دیرپا امن اور سکیورٹی کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

