پیٹرول پمپ مالکان کی حکومت کو وارننگ، مطالبات نہ مانے گئے تو ملک گیر بندش کا اعلان

اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے اپنے خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے ہزاروں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے، جس سے ممکنہ فیول بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کے لیے مراسلہ بھیجا گیا ہے، تاہم 6 مارچ کو بھیجے گئے خط کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر اس وقت آپریشنل، مالی مشکلات، قیمتوں کے تعین اور اچانک پالیسی تبدیلیوں جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پالیسی سازی میں صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں، بصورت دیگر وہ ملک گیر سطح پر پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر پیٹرول پمپس بند ہوئے تو ملک میں شدید فیول بحران پیدا ہو سکتا ہے، جس کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔