یومِ پاکستان کی 86 ویں سالگرہ پر عسکری قیادت کا قوم کو پیغام، قومی عزم کے اعادے کا اعلان

اسلام آباد: یومِ پاکستان کی 86 ویں سالگرہ کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ مارچ 1940 پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں کے اجتماعی وژن کو واضح سمت ملی اور ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی گئی۔

پیغام میں کہا گیا کہ ایمان، امید اور ثابت قدمی سے سرشار یہ دن پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان جمہوریت کے تحت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اسلامی اصولوں کی پاسداری جاری رکھے ہوئے ہے۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے، قومی سلامتی کو یقینی بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے چیلنجز کے باوجود مسلح افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحد ہو کر ملک کے دفاع کیلئے سرگرم ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت چوکس رہتے ہوئے سرحدوں کے دفاع، قومی خودمختاری کے تحفظ اور ہر قسم کی جارحیت کے خلاف ڈٹی ہوئی ہیں۔ پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے جو دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔