پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے مذاکرات کی میزبانی کو تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاری علاقائی بحران کے خاتمے کیلئے بامقصد مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے اور اسے اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر امریکا اور ایران رضامند ہوں تو پاکستان مذاکرات کی میزبانی کرے گا، کیونکہ خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کیلئے بات چیت ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے جاری سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور جامع تصفیے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ، عباس عراقچی اور اسٹیو وٹکوف کو بھی ٹیگ کیا، جس کے بعد امریکی صدر نے اس بیان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔

دوسری جانب حالیہ سفارتی پیش رفت میں وزیراعظم شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں خطے میں امن کے قیام کیلئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ادھر مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا کے اعلیٰ حکام ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے اسلام آباد میں متوقع مذاکرات میں شرکت کر سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اگر تمام فریقین آمادہ ہوں تو پاکستان اس اہم سفارتی عمل کی میزبانی کیلئے تیار ہے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔