عمران خان کا مضمون پاکستان کے چہرے پر کالک تھوپنے کی کوشش ہے، عرفان صدیقی

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ ٹائم میگزین میں شائع ہونے والا عمران خان کا مضمون پاکستان کے اداروں پر بے بنیاد الزامات کا مجموعہ ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی میگزین "ٹائم” میں شائع ہونے والا عمران خان کا مضمون عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان نے اپنے مضمون میں حکومت، عدلیہ، مسلح افواج اور دیگر اداروں پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے پاکستان کی موجودہ صورت حال کو "سیاہ عہد” قرار دیا ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مضمون میں یہ غلط اور بے بنیاد دعویٰ بھی کیا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران انہیں اڈیالہ جیل سے نکال کر ہاؤس اریسٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔ عرفان صدیقی نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سچ ہے تو وہ بتائیں کہ یہ پیشکش کس نے، کب اور کیسے کی؟

انہوں نے عمران خان کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے ملک کی ساکھ متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔