اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں حکومت نے عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔
اجلاس میں سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و حکومتی حکام نے شرکت کی، جبکہ انٹیلی جنس بیورو کی نگرانی میں صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ اور خطے میں غیر مستحکم حالات کے باعث ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت کو فوری طور پر کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات کو مزید سخت کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی کے باعث عوام کو ریلیف دینا ممکن ہوا ہے اور اب ضروری ہے کہ اشرافیہ خود آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کی مثال قائم کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حالات بہتر ہونے تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔
اعلامیے کے مطابق حکومت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ پیٹرول بچانے کے لیے کار پولنگ اپنائی جائے، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور آمد و رفت کو محدود رکھا جائے۔ اس کے علاوہ اجتماعی نقل و حرکت کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ ایندھن کی کھپت کم کی جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر، کھپت اور سپلائی چین کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کی فوری نشاندہی کر کے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

