آپریشن غضب للحق میں افغان طالبان کے 641 کارندے ہلاک، 243 چیک پوسٹیں تباہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے اب تک کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاک فوج کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک افغان طالبان رجیم کے 641 کارندے مارے جاچکے ہیں جبکہ 855 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاک افواج کی کارروائیوں میں اب تک افغان طالبان کی 243 چیک پوسٹیں تباہ کی جاچکی ہیں جبکہ 42 چیک پوسٹس پر قبضہ کرکے انہیں بھی اڑا دیا گیا۔

عطا تارڑ کے مطابق کارروائیوں کے دوران افغانستان میں 65 دہشت گردوں اور ان کے معاون ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا جبکہ 219 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے شوال اور شمالی وزیرستان سے ملحق سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر کارروائی کے بعد افغان طالبان کے جنگجو اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ بعض مقامات سے روسی ساختہ 73 ملی میٹر ہیوی گرینیڈ لانچرز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق جاری ہے اور اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔